نئی دہلی:6/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ای ڈی نے مبینہ وصولی اور مشکوک لین دین سے متعلق صحافی اوپیندر رائے کے خلاف آج چارج شیٹ دائر کی۔ایجنسی نے ایڈیشنل سیشن جج ستیش کمار اروڑا کے سامنے چارج شیٹ دائر کیا جس میں آٹھ اگست کو معاملے پر غورکیا جائے گا ۔دہلی کے صحافی اوپیندر رائے کو تین مئی کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔اس کی گرفتاری مشتبہ مالی لین دین، غلط اطلاعات دے کر سول ایوی ایشن سیکورٹی بیورو سے ہوائی اڈے پر داخلہ پاس حاصل کرنے، مبینہ وصولی اور ممبئی کے کاروباری کے خلاف محکمہ انکم ٹیکس کے معاملے کو متاثر کرنے کے الزام میں کی گئی تھی۔ای ڈی نے سی بی آئی کی ایف آئی آر پر اس کے خلاف اقتصادی ترمیم کا معاملہ درج کیا تھا۔ایجنسی نے رائے کے احاطے کی تلاشی کے بعد ای ڈی کے ایک سینئر افسر اور وزارت تجارت میں تعینات ایک آئی اے ایس افسر کی کال ڈیٹا ریکارڈ برآمد کرنے کا دعوی کیا تھا۔اس کے علاوہ ایجنسی نے سنگاپور میں واقع بھارتی ہائی کمیشن کے ایک افسر اور ای ڈی کے ایک سابق سربراہ کے درمیان خفیہ پیغام کو بھی برآمد کرنے کا دعوی کیا تھا۔رائے کو ای ڈی نے مالیاتی بدعنوانی روک تھام ایکٹ کے تحت آٹھ جون کو یہاں تہاڑ جیل سے گرفتار کیا تھا۔اس سے کچھ منٹ پہلے ہی اسے سی بی آئی کی جانب سے درج مبینہ وصولی اور مشکوک لین دین کے معاملے میں ضمانت مل گئی تھی۔ایجنسی نے عدالت میں دعوی کیا تھا کہ اس شخص کے قبضے سے اعلی خفیہ دستاویزات بھی ملے ہیں اور وہ اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ایسے خفیہ کاغذات اسے کس طرح ہاتھ لگے۔ایجنسی نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ ملزم نے مختلف لوگوں سے یہ دعوی کر کے فنڈز کی وصولی کی ہے کہ اس کے پاس ان کے خلاف خفیہ اطلاعات ہیں، کیونکہ وہ ایک صحافی ہیں۔